ٹک ٹاک نے ایلون مسک پر دستاویزی فلم کا اشتہاری اکاؤنٹ مستقل معطل کر دیا

نیویارک: ٹک ٹاک نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک پر بنائی گئی دستاویزی فلم مسک کی تشہیر کرنے والے اشتہاری اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا۔
امریکی جریدے کے مطابق ٹک ٹاک نے سیاسی مواد سے متعلق اپنی پالیسیوں کی بار بار خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے اکاؤنٹ معطل کیا۔
رپورٹ کے مطابق فلم کی ڈسٹری بیوٹر کمپنی کو جمعے کی سہ پہر مطلع کیا گیا تھا کہ اس کا اشتہاری اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد کمپنی نہ تو اشتہارات خرید سکے گی اور نہ ہی فلم سے متعلق مواد کی تشہیر کے لیے رقم خرچ کر سکے گی۔
عام اکاؤنٹ فعال
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک پر دستاویزی فلم کا معمول کا، غیر معاوضہ اکاؤنٹ بدستور فعال ہے۔ تاہم ڈسٹری بیوٹر کمپنی اب اشتہارات خریدنے یا اپنی پوسٹس کی رسائی بڑھانے کے لیے ادائیگی کرنے سے قاصر ہے۔
ڈسٹری بیوٹر کمپنی کے ترجمان نے اکاؤنٹ کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی نے اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دستاویزی فلم کی نمائش شمالی امریکا کے 470 سے زائد سنیما گھروں تک پھیل چکی ہے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز الیکس گبنی کی ہدایت کاری میں بننے والی دستاویزی فلم مسک میں ارب پتی کاروباری شخصیت کی تجارتی سلطنت، ٹوئٹر کے حصول اور ان کی سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔











