موسیٰ خیل میں زیتون کی کاشت کے لیے زمینداروں کو محکمہ زراعت کی بریفنگ
موسیٰ خیل: حکومتِ بلوچستان کے وژن بالخصوص ضلع موسیٰ خیل کو زرعی شعبے میں خودکفیل، سرسبز اور خوشحال بنانے کے سلسلے میں اہم پیشرفت جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت توسیع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شمس الحق نے کی۔
اجلاس میں زراعت اسٹاف اور ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے زمینداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
زیتون کی کاشت کے لیے بریفنگ
اجلاس میں ضلع موسیٰ خیل کی آب و ہوا اور زمین کو زیتون (Olive) کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں قرار دیتے ہوئے زمینداروں کو زیتون کے باغات لگانے، جدید زرعی طریقہ ہائے کاشت، فنی معاونت اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شمس الحق نے کہا کہ زیتون کی کاشت ناصرف کم پانی میں بہترین پیداوار دیتی ہے بلکہ یہ خطے کے زمینداروں کی معاشی حالت بدلنے اور بنجر زمینوں کو آباد کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک کی خصوصی ہدایت ہے کہ ضلع کے تمام زمینداروں کو ہر ممکن سہولت، معیاری پودے اور تکنیکی رہنمائی ان کی دہلیز پر فراہم کی جائے تاکہ موسیٰ خیل کو زیتون کی پیداوار کا مرکز بنایا جا سکے۔
زمینداروں کا تعاون
اجلاس میں موجود زمینداروں نے حکومتِ بلوچستان اور محکمہ زراعت کے اس اقدامات کو سراہتے ہوئے زیتون کی کاشت میں مکمل دلچسپی کا اظہار کیا اور محکمہ کے ساتھ تعاون کے عزم کو دہرایا۔ محکمہ زراعت کے اسٹاف نے زمینداروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری رہنمائی فراہم کی۔











