پنجاب کے ہر ضلع میں پی ایچ اے بنے گی، 20 اضلاع کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن

لاہور (اعتماد ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ہر تحصیل تک یہ اتھارٹیز بنائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے سے فعال ہیں اور مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کر دی گئی ہیں۔ مزید 20 اضلاع کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن طے کرنے کا فیصلہ ہوا۔
مریم نواز نے ہر تحصیل، شہر اور گاؤں میں مرحلہ وار شجرکاری اور پھولدار پودے لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے موسم کے مطابق ماہانہ پلان بنانے کا حکم دیا۔ ہر ضلع میں پی ایچ اے کی ان ہاؤس نرسری قائم ہوگی جہاں سے شہریوں کو کم قیمت پر پودے ملیں گے۔ ہر ضلع کے لیے مینجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر اور تکنیکی عملے کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ لاہور کے سی کیٹیگری کے سب پارک بحال ہو چکے ہیں؛ خیابانِ جناح پر بوگن ویلیا، عطا بخش روڈ پر بانس اور باقی سڑکوں پر املتاس کے درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں میری گولڈ کی تینوں رنگوں کی اقسام اگائی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پی ایچ اے افسران کے لیے کارکردگی اشاریے (کے پی آئیز) بنانے اور ہر ضلعی اتھارٹی کا ریسورس پلان پیش کرنے کی ہدایت کی، پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی اور عملے اور گاڑیوں کے لیے یکساں برانڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت لگانا کارِ ثواب بھی ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کا ذریعہ بھی۔











