ساہیوال میں 6208 طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ، مریم نواز تقریب میں شریک

ساہیوال: وزیراعلیٰ مریم نواز موٹر وے کے راستے ساہیوال پہنچیں اور یونیورسٹی آف ساہیوال میں لیپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار اسکالرشپ کی آٹھویں تقریب میں شرکت کی۔ ساہیوال کے 6208 طلبہ میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
تقریب گاہ میں آمد پر طلبہ نے ان کا بے مثال جوش و خروش سے استقبال کیا۔ مریم نواز نے وزراء اور ارکان کی نشستوں پر جا کر مزاج پرسی کی اور گورنمنٹ اسپیشل اسکول ساہیوال کی طالبات کے قرآنی خطاطی کے نمونے پر اظہارِ مسرت کیا۔
یونیورسٹی کے طلبہ نے نواز شریف اور مریم نواز کے پورٹریٹ اور اسکیچ پیش کیے۔ وزیراعلیٰ نے خیرمقدم کرنے والے بچوں کو پیار کیا، طلبہ کے ساتھ قومی ترانہ پیش کیا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے قرآن خواں اور نعت گو بچوں سے بھی شفقت کا اظہار کیا۔
لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں پولیس گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے کہا کہ لیپ ٹاپ ایک مشینری نہیں بلکہ ترقی کا دروازہ ہے، اور پنجاب کی بیٹیوں پر اعتماد کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ فیض یاب علی اور قرۃ العین نے تاثرات بیان کیے اور مریم نواز پر لکھی کتاب «پنجاب کی بہادر بیٹی» پیش کی۔
ایک طالبہ نے ان کے بارے میں نظم پیش کی، جس میں یہ شعر شامل تھا: «آپ آئیں تو بہاروں پہ یقیں آیا، ہم ہنر مند ہوئے آپ کے باعث»۔ تقریب میں ساہیوال کے منصوبوں سے متعلق خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔
مریم نواز نے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کے چیک دیے۔
وزیر تعلیم کی بریفنگ
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ ساہیوال یونیورسٹی کی گرانٹ 4 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ کر دی گئی ہے۔ ساہیوال یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد 5 سے 6.5 ہزار اور اوکاڑہ یونیورسٹی میں 7 سے 17 ہزار ہو گئی ہے۔
ساہیوال ڈویژن کے 4746 طلبہ کو لیپ ٹاپ ملے۔ ان میں سرکاری یونیورسٹیوں کے 2570 طلبہ، میڈیکل کالج کے 171 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 161 طالبات شامل ہیں۔ پرائیویٹ اور فیڈرل یونیورسٹی کے 544 جبکہ کالجز کے 1305 طلبہ کو لیپ ٹاپ ملے۔
ساہیوال ڈویژن کے 1462 طلبہ کو 4 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اسکالرشپ دیے گئے۔ سرکاری یونیورسٹیوں کے 807، میڈیکل کالجز کے 55 اور سرکاری کالجز کے 547 طلبہ کو اسکالرشپ ملیں گے۔
پنجاب کے دیگر ڈویژنوں میں طلبہ کو 38182 لیپ ٹاپ مل چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آزاد جموں و کشمیر کے 517، گلگت کے 479، بلوچستان کے 938 اور خیبر پختونخوا کے 3135 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ مل چکے ہیں۔
مجموعی طور پر 108488 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ کی ادائیگی مکمل ہو چکی ہے۔ ہونہار اسکالرشپ فیز فور کا آغاز جلد ہوگا۔











