ایلون مسک کی پیشگوئی: ٹیسلا روڈسٹر مستقبل میں گرینڈ کینین یا اسنیک ریور کے اوپر اڑتی دیکھی جا سکتی ہے

نیویارک: معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے اڑنے والی کار روڈسٹر کے بارے میں نئی پیش گوئی کی ہے۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مستقبل میں اس گاڑی کو آواز کی نصف رفتار سے زیادہ رفتار کے ساتھ اسنیک ریور یا گرینڈ کینین کے اوپر اڑتے اور پھر دوبارہ زمین پر اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ٹیسلا نے نئی الیکٹرک اسپورٹس کار روڈسٹر متعارف کروائی ہے جو ہوا میں اڑنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ اس کار کی ویڈیوز سامنے آتے ہی لوگ اس کی کارکردگی دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
ایلون مسک اور ٹیسلا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں کار ایک خصوصی ریمپ پر الٹی چلتی دکھائی دی، جبکہ ہوا میں بلند ہو کر الٹی گھومنے کے بعد باحفاظت زمین پر اترتی بھی نظر آئی۔
نئی الیکٹرک اسپورٹس کار روڈسٹر کو ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے انجینئرز نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اس کار میں اسپیس ایکس کے تیار کردہ کولڈ گیس تھرسٹرز نصب ہیں جو دباؤ کے تحت گیس خارج کر کے گاڑی کو حرکت دینے اور ہوا میں بلند ہونے میں مدد دیتے ہیں۔
فی الحال اس مظاہرے سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ روڈسٹر عام سڑکوں پر اڑنے کے لیے تیار ہے۔











