پنجاب میں سستے آٹے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور، فلور ملوں کا گندم کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ

لاہور (اعتماد ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں فلور ملوں کو 3 ہزار 800 روپے فی من کے نرخ پر دی جانے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی کہ مارکیٹ میں آٹے اور گندم کے نرخ مصنوعی طور پر بڑھائے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ مریم نواز کے بقول مہنگائی نے پنجاب کے عوام کو بے حد تکلیف میں ڈال رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رہے گی اور اس معاملے میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔











