محمد اورنگزیب کی یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر اور شارجہ اسلامک بینک کے وفد سے ملاقاتیں

بنکاک: وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر اور اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل الیگزینڈر ڈی کرو سے ملاقات ہوئی، جس میں یو این ڈی پی کے امپلیمنٹیشن برج، ایس ڈی جی انویسٹمنٹ فیئر اور وی 20 پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کی فہرست تیار کرنے پر گفتگو ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے دستیاب مالی وسائل اور پالیسی فریم ورکس کو قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے عملدرآمد کی استعداد بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق مربوط مالی معاونت، مخلوط مالی معاونت، سرکاری و نجی شراکت داری اور یو این ڈی پی و ورلڈ بینک کے درمیان قریبی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے مالی وسائل کی فراہمی اور پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ساخت کو مدنظر رکھتے ہوئے قرض کے بدلے قدرتی ماحول کے تحفظ اور قرض کے بدلے موسمیاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ نے نجی شعبے کی قیادت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کے لیے آمدن کی بنیاد پر قرضوں، ڈیجیٹل مالیاتی سہولتوں اور ضمانتی نظام کو وسعت دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے موسمیاتی خطرات کے خلاف بیمہ کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے امکانات، بشمول گلوبل شیلڈ اور پیرامیٹرک انشورنس کو بھی اجاگر کیا۔
شارجہ اسلامک بینک کا وفد
علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی شارجہ اسلامک بینک کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سکوک کے اجرا میں بینک کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ کی جانب سے ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیشرفت کو اجاگر کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سکوک کے ممکنہ اجرا، پانڈا بانڈز کے اجرا اور یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔











