وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور چیمبر کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ہفتے کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، صنعت و تجارت کو درپیش مسائل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور استحکام میں کاروباری برادری کا کردار اہم ہے۔ ان کے مطابق حکومت نجی شعبے کے تعاون سے معاشی سرگرمیاں بڑھانے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ملاقات میں صنعت و تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور تجارتی سرگرمیوں کی توسیع کے لیے حکومت اور کاروباری طبقے کے باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
وفد نے کاروباری طبقے کو درپیش مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ارکان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست اقدامات کو سراہا۔ بات چیت کے دوران شہباز شریف کے لاہور چیمبر کے صدر رہنے کے دور اور چیمبر کے لیے ان کی خدمات کا بھی ذکر ہوا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔
وفد میں میاں مصباح الرحمٰن، فاروق افتخار، شیخ محمد آصف، شہزاد ملک، الماس حیدر، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط، میاں طارق مصباح، کاشف انور شیخ اور میاں خالد مصباح شامل تھے۔











