سہیل آفریدی کا بنوں میں لانگ مارچ سے خطاب، سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر محسن نقوی کی تنقید

بنوں (اعتماد ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بنوں اور کرک کی سرحد پر ختم نبوت چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے اور دو دن بعد اسے ٹی ٹوئنٹی میچ بنا دیا جائے گا۔ ان کے بقول یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کے لیڈر نے امریکا کو اور انہوں نے بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، جبکہ گزشتہ شام بانی پی ٹی آئی اور پشتونوں کے وزیراعلیٰ نے ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کو بھی ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، اب خیبرپختونخوا کے عوام کے فیصلے صوبے میں ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 22 سال سے نافذ پالیسی سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے اور امن صرف بانی پی ٹی آئی کے ساڑھے تین برسوں میں دیکھا گیا۔ ان کے پاس بندوقیں نہیں صرف عوامی طاقت ہے، ساؤتھ ریجن کے عوام نے ہر ایسی پالیسی کو مسترد کیا جو ان کے حق میں نہیں، اور پوری قوم چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آ کر ملک کی قیادت سنبھالیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ سہیل آفریدی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے پشاور سے لکی مروت تک سرکاری ہیلی کاپٹر پر گئے، جو غالباً سرکاری امور کے لیے تھا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 ستمبر کے تفصیلی فیصلے میں صوبائی حکومتوں اور وزرائے اعلیٰ کو سیاسی مارچ کے لیے سرکاری وسائل، ہیلی کاپٹر اور مشینری استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔











