گوادر: یونیسیف کے تعاون سے اساتذہ میں ٹیبلیٹس تقسیم، 79 اسکولوں میں ڈیجیٹل حاضری کا نظام فراہم

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے تحت یونیسیف ضلع گوادر میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کی اسکول حاضری یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور ضلع میں تعلیم کے شعبے میں بہتری یونیسیف اور محکمہ تعلیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
وہ تعلیمی معیار کی بہتری، طلبہ کی حاضری یقینی بنانے اور اسکول چھوڑنے کی شرح کم کرنے کے لیے یونیسیف اور محکمہ تعلیم گوادر کے اشتراک سے ڈراپ آؤٹ پریوینشن انیشیٹو کے تحت مختلف اسکولوں کے اساتذہ میں ٹیبلیٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، دیگر حکام اور اساتذہ شریک ہوئے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اساتذہ پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کو صرف حاضری کے اندراج تک محدود نہ رکھیں بلکہ طلبہ کی تعلیمی بہتری، دلچسپی اور مؤثر تدریس کے لیے بھی استعمال کریں، اور خلوصِ نیت سے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔
79 اسکولوں میں ٹیب سسٹم
ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر ایجوکیشن سپورٹ پروگرام یونیسیف عادل نودیزئی نے اساتذہ کو ٹیبلیٹس کے استعمال اور ڈیجیٹل حاضری کے نظام پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ انیشیٹو کے پہلے مرحلے میں ضلع گوادر کے 79 اسکولوں میں ٹیبلیٹس، سولر سسٹم اور رجسٹرڈ ڈیجیٹل حاضری پر مشتمل مکمل ٹیب سسٹم فراہم کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 16 اسکولوں کو یہ نظام دیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق ڈیجیٹل حاضری سے طلبہ کی روزانہ حاضری کی نگرانی، غیر حاضر طلبہ کی بروقت نشاندہی اور والدین و متعلقہ اداروں کے تعاون سے اسکول چھوڑنے کے خدشے سے دوچار بچوں کی فوری معاونت ممکن ہوگی۔
تقریب میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ڈی ای او زاہد حسین نے اساتذہ میں ٹیبلیٹس تقسیم کیے اور ہدایت کی کہ ڈیجیٹل نظام کو ذمہ داری سے استعمال کرتے ہوئے طلبہ کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











