وزارت اطلاعات نے پاکستانی سرزمین سے امریکی بحریہ کی ایران کے خلاف کارروائی کی خبر مسترد کر دی

اسلام آباد: وزارت اطلاعات نے امریکی بحریہ کے پاکستان کی اجازت سے ایران کے خلاف اپنی سرزمین سے کارروائی کی اطلاعات کو بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک بیان کے مطابق شمالی امریکہ کے ایک اکاؤنٹ کی جانب سے کیا جانے والا یہ دعویٰ کہ امریکی بحریہ پاکستانی اجازت سے ایران کے خلاف پاکستانی سرزمین سے کارروائی کر رہی ہے، بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس جھوٹے دعوے کو مزید پھیلانا کنفیوژن، غلط فہمیوں اور انتشار پھیلانے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وزارت کے مطابق ایسی سوشل میڈیا پوسٹس کسی بھی سنجیدہ مبصر کی توجہ کے لائق نہیں ہیں۔ ان بے بنیاد خبروں کو صرف پروپیگنڈا قرار دیا جانا چاہیے اور اسی طرح ان کے ساتھ نمٹنا چاہیے۔











