بابر خان کا بلوچستان ہائی کورٹ توسیعی منصوبے کا دورہ، چوبیس گھنٹے کام جاری رکھنے کی ہدایت

کوئٹہ: سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان نے بلوچستان ہائی کورٹ کی عمارت کے توسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی، چیف آرکیٹیکٹ ڈاکٹر سہراب مری اور ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ کچلاک ڈویژن عمر منیر سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تعمیراتی مراحل، تکنیکی امور، آرکیٹیکچرل ڈیزائن، درپیش چیلنجز اور تکمیل کے مجوزہ ٹائم فریم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے جاری کام، استعمال ہونے والے تعمیراتی معیار اور آئندہ مراحل سے بھی آگاہ کیا۔
غفلت یا تاخیر ناقابلِ برداشت
بابر خان نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار، کام کی رفتار اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی عمارت کا توسیعی منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس کی تکمیل سے عدالت عالیہ آنے والے سائلین، وکلا اور عدالتی عملے کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ منصوبے کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
سیکریٹری مواصلات و تعمیرات نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تعمیراتی سرگرمیوں میں کسی قسم کا وقفہ نہ آنے دیا جائے اور منصوبے پر چوبیس گھنٹے بنیادوں پر کام جاری رکھا جائے تاکہ مقررہ مدت کے اندر تمام اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تکمیل کے لیے دستیاب وقت انتہائی محدود ہے، لہٰذا تمام انجینئرز، افسران اور عملہ اپنی مکمل صلاحیتوں سے بڑھ کر کام کرے۔ عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے میں کسی بھی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ناقابلِ قبول ہوگی اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کام کی رفتار اور معیار کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ منصوبہ بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہو سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











