ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کوئٹہ کا دورہ، ماڈل انسٹیٹیوٹ بنانے کا اعلان

کوئٹہ: کیپٹن (ریٹائرڈ) عبدالکبیر زرکون نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔ چارج لیتے ہی انہوں نے دیگر افسران کے ہمراہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ملک داد رئیسانی نے ایم ڈی بی ٹیوٹا کو ادارے کی کارکردگی، تعلیمی شعبہ جات اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں ایم ڈی نے کالج کی تمام لیبز اور مختلف ٹریڈز کا معائنہ کیا اور اسٹاف، انسٹرکٹرز اور دیگر افسران سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے۔
اس موقع پر کیپٹن (ر) عبدالکبیر زرکون نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بی ٹیوٹا بہت جلد گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کو جدید ترین مشینری اور وقت کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی سے لیس کر کے ایک ‘ماڈل انسٹیٹیوٹ’ میں ڈھالے گا، تاکہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوان فوری طور پر باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی جدید ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے گی تاکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع اور بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
واضح رہے کہ بی ٹیوٹا ترمیمی ایکٹ 2026ء کی منظوری کے بعد صوبے کے تمام فنی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی ادارے اب بی ٹیوٹا کی چھتری تلے کام کریں گے، جس کا مقصد فنی تعلیم کے معیار کو یکساں اور مؤثر بنانا ہے۔ دورے کے اختتام پر کالج انتظامیہ اور اسٹاف نے ایم ڈی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ادارے کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











