اسحاق ڈار کی دوشنبے میں تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات، علاقائی تعاون کے فروغ پر زور

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی تعاون، اقتصادی روابط کے فروغ اور خطے میں استحکام و مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی اشتراک کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
ملاقات کے دوران تاجک صدر امام علی رحمان نے ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومتی وفود کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر امام علی رحمان نے کہا کہ علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ میں شنگھائی تعاون تنظیم کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں روابط کے فروغ، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔
ایس سی او اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان ملاقاتیں تنظیم کے پلیٹ فارم پر باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
پاکستان اور تاجکستان سمیت ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، علاقائی روابط اور مشترکہ ترقی کے امکانات خطے میں پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔











