لورالائی میں ایرانی پٹرول پمپس، تندوروں اور گوشت کی دکانوں کا معائنہ، دو پٹرول پمپس سیل

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں، مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کی سربراہی میں ایرانی پٹرول پمپس، تندوروں اور گوشت و مٹن کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔
ٹیم نے قانونی دستاویزات، نرخ ناموں، صفائی، اشیاء کے معیار اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ قوانین کی خلاف ورزی پر دو ایرانی پٹرول پمپس سیل کر دیے گئے، جبکہ دیگر کاروباری مراکز کو حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کی سخت ہدایات دی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے تندور مالکان اور گوشت فروشوں کو مقررہ نرخوں، صفائی اور معیار کی پابندی کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ زائد نرخ وصول کرنے یا غیر معیاری اشیاء بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اہلکاروں کو روزانہ مارکیٹوں کے معائنے کی ہدایت کی اور خبردار کیا کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت کارروائی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ خلاف ورزی کی صورت میں انتظامیہ کو اطلاع دیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











