کوئٹہ میں 12 ربیع الاول کے تمام جلوس اور مجالس سخت سیکیورٹی میں پُرامن اختتام پذیر

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی مسلسل نگرانی میں 12 ربیع الاول جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے تمام جلوس اور مجالس پُرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن سریاب عزت اللہ اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے سیکیورٹی اداروں اور اہلکاروں کے ہمراہ جلوسوں میں مسلسل موجود رہ کر سیکیورٹی و انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا۔
تمام جلوسوں کو سخت سیکیورٹی نگرانی میں مقررہ روٹس سے گزارا گیا، جبکہ اختتام پر فول پروف سیکیورٹی کے حصار میں شرکاء کو بحفاظت واپس پہنچایا گیا۔ سیکیورٹی کے ساتھ صفائی، صحت، ریسکیو اور ایمبولینس کی سہولیات بھی یقینی بنائی گئیں اور مختلف محکموں اور متعلقہ اداروں نے اپنے فرائض بھرپور انداز میں انجام دیے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کی باہمی رابطہ کاری اور مؤثر نگرانی کے باعث 12 ربیع الاول کے تمام پروگرام پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











