گوادر: گرلز ہائی اسکول شمبے اسماعیل میں یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریب، نمایاں طالبات میں نقد انعامات

گوادر: اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان کی صدارت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شمبے اسماعیل میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار، ان کی تاریخی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا تھا۔
تقریب ہیڈ مسٹریس بلقیس سلیمان کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی ڈی ای او محترمہ فرزانہ ریاض سمیت محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طالبات، والدین اور پی ٹی سی/ایم سی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔
طالبات نے مسئلہ کشمیر، حب الوطنی، قومی یکجہتی اور کشمیری عوام کی قربانیوں پر مدلل تقاریر کیں اور ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر رومیل نعیم جان نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، اور نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی، قانونی اور انسانی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آزادی، انصاف اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی، کشمیری عوام کے امن و خوشحالی اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











