یومِ استحصالِ کشمیر: ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کی قیادت میں چمن میں اظہارِ یکجہتی ریلی

چمن: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی قیادت میں ڈی سی کمپلیکس چمن سے ایک عظیم الشان اظہارِ یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ڈی ایس پی اشفاق احمد، قبائلی عمائدین، مشران، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے «کشمیر بنے گا پاکستان» کے نعرے لگائے اور ایسے بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کی مذمت درج تھی۔ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا اور پاکستان کا ہر شہری ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی تک پاکستان، بالخصوص ضلع چمن کے عوام، ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ان کے جائز حقِ خودارادیت کے لیے ہر ممکن اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، امن اور انصاف کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ڈی سی کمپلیکس چمن میں پودا بھی لگایا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











