کوئٹہ میں انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ: فیک فنگر مارکنگ پر ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی برہم، متعدد ٹیمیں تبدیل

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیشنل ای او سی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO)، ڈپٹی ڈی ایچ او، پراونشل مانیٹرز، متعلقہ افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی، او پی وی (OPV) کوریج، ایف آئی پی وی (fIPV) کوریج، ریفیوزلز، اسکول کوریج اور ٹیموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام مانیٹرز، متعلقہ اہلکاروں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مہم کے اہداف کے حصول کے لیے واضح ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور کسی علاقے کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
اجلاس میں جعلی (فیک) فنگر مارکنگ اور فرضی کوریج کے معاملات پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ فیک کوریج کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے متعدد پولیو ٹیمیں تبدیل بھی کر دی گئیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام فیلڈ ٹیمیں دیانتداری، شفافیت اور ذمہ داری سے فرائض انجام دیں تاکہ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں اور مہم کامیاب ہو۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











