سپریم کورٹ کی اصلاحاتی رپورٹ جاری، 86 نکاتی پلان پر عملدرآمد اور زیرِ التوا مقدمات میں کمی

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): سپریم کورٹ نے اپنی عدالتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں نومبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کے اقدامات اور زیرِ التوا مقدمات میں کمی کی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ڈیجیٹل نظام، اداروں کے احتساب اور عام آدمی کی انصاف تک رسائی سے متعلق اقدامات کی تفصیل ہے اور 86 نکاتی عدالتی اصلاحاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی صورتحال بتائی گئی ہے۔ اصلاحات کی نگرانی کے لیے خصوصی ورکنگ گروپس اور باقاعدہ جائزے کا نظام بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے میں عدالتِ عظمیٰ نے پہلے سے کہیں زیادہ مقدمات نمٹائے، برسوں سے زیرِ التوا پرانے مقدمات پر خاص توجہ دی گئی اور کارکردگی کی نگرانی کے لیے ڈیٹا پر مبنی نظام مزید مضبوط کیا گیا۔
عدالتِ عظمیٰ کی ڈیجیٹل خدمات میں توسیع اور طریقۂ کار کو جدید بنانے میں پیش رفت کے ساتھ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے تحت ملک گیر اصلاحات کی صورتحال بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔ رپورٹ میں کامیابیوں کے ساتھ مزید بہتری کے لیے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔











