اردگان نے شام میں انتشار پھیلانے کی کوشش پر اسرائیل کو خبردار کر دیا

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے شام میں انتشار پھیلانے کی کوشش پر اسرائیلی حکومت کو خبردار کر دیا ہے۔
انقرہ میں تقریر کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ شام سے اچھی خبریں موصول ہو رہی ہیں، تاہم اسرائیل وہاں بھی افراتفری پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
اردگان نے کہا کہ خطے کو بحرانوں کے ایسے طوفان کا سامنا ہے جس کی شدت روز بروز بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کی شمالی سرحد کے قریب روس اور یوکرین کی جنگ چند ماہ میں پانچویں سال میں داخل ہو جائے گی۔ معاہدوں پر دستخط کے باوجود فلسطین کے خلاف اسرائیل کی جنگ جاری ہے، جبکہ ایران میں کشیدگی مکمل طور پر ختم ہونے سے پہلے ہی یمن میں ایک نیا تنازع شروع ہو گیا ہے۔
ترک صدر نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں نے خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کو ترکی کا دوست اور ہمدرد ملک قرار دیا۔











