سیوی: کمشنر عرفان اللہ خان کو ایگریکلچر انجینئرنگ کی کارکردگی اور بلڈوزر سروسز پر بریفنگ

سیوی: کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان کو سپرنٹنڈنگ انجینئر ایگریکلچر انجینئرنگ منور حسین نے محکمے کی مجموعی کارکردگی، بلڈوزر مشینری کی دستیابی، استعمال اور زرعی زمینوں کی ہمواری (Land Levelling) سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران محکمہ ایگریکلچر انجینئرنگ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور بلڈوزر سروسز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر عرفان اللہ خان نے ہدایت کی کہ کسانوں اور زمینداروں کو زرعی زمینوں کی ہمواری اور دیگر زرعی ضروریات کے لیے دستیاب مشینری اور سہولیات سے زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ یقینی بنائے کہ کسانوں کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق بلڈوزر سروسز اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو، تاکہ زرعی زمینوں کی بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











