مغربی کنارے میں امریکی صحافی اور یورپی سفارتکاروں پر حملے، 8 مشتبہ افراد گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں امریکی فوٹو جرنلسٹ اور یورپی سفارت کاروں پر حملوں کے الزام میں 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق جمعے کو نقاب پوش اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی زیتون کی فصل کی کٹائی کی کوریج کرنے والی امریکی فوٹو جرنلسٹ پر تشدد کیا۔
ہفتے کو ایک الگ واقعے میں اسرائیلی آبادکاروں نے یورپی سفارت کاروں اور ایک فرانسیسی میئر کو نشانہ بنایا۔
بیلجیئم کے وزیرِ خارجہ کے مطابق متاثرین میں فلسطینیوں کے لیے بیلجیئم کے قونصل جنرل، فرانسیسی اور پولش سفارت کار اور مسیحی مذہبی نمائندے بھی شامل تھے۔ حملے کے دوران ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔











