اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی سے صاحبزادے کے انتقال پر تعزیت

کوئٹہ: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے بلوچستان صوبائی اسمبلی میں اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی سے ملاقات کی اور ان کے جواں سال صاحبزادے ثناء اللہ خان اچکزئی کے انتقال پر دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں عبدالخالق خان اچکزئی اور ان کے خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، ممبر قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ موجود تھے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











