آر ایچ سی جیوانی کی خراب ایکسرے مشین اور لیبارٹری کا مسئلہ، وسیم صمد کی ڈی ایچ او گوادر سے ملاقات

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے معاون خصوصی وسیم صمد نے جیوانی کے معتبرین اورنگزیب اور عزیز کے ہمراہ ضلعی آفیسر صحت گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ سے ملاقات کی اور آر ایچ سی جیوانی کو درپیش مسائل، خصوصاً خراب ایکسرے مشین، پانی کی ٹینکی، لیبارٹری اور دیگر طبی سہولیات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ نے کہا کہ ضلع گوادر میں صحت کی سہولیات کی بہتری اور مراکز صحت کو مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی کوششوں سے آر ایچ سی جیوانی کے لیے بجٹ بھی منظور کیا گیا ہے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ضلعی آفیسر صحت نے بتایا کہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث کوئٹہ گوادر زمینی راستے کی بندش سے ادویات اور طبی آلات کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، تاہم دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











