چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کا پاپولیشن ویلفیئر اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ڈیجیٹل نظام اپنانے کا حکم

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اجلاس میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن (MCQ) کی دو سالہ کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں محکموں میں اصلاحات، شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کو ترجیحی بنیادوں پر اپنانے پر زور دیا گیا۔
متعلقہ محکموں نے گزشتہ دو سالہ کارکردگی، منصوبہ بندی، بجٹ کے خرچ اور عوامی خدمات کی فراہمی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پاپولیشن ویلفیئر نے آبادی کی ٹریکنگ، فیملی پلاننگ اور صحت عامہ کے پروگراموں میں اپڈیٹ شدہ ڈیٹا بیس کی رپورٹ پیش کی، جبکہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے صفائی، ضلعی انفراسٹرکچر، ضلعی روڈ نیٹ ورک، ماحولیات اور ضلعی ٹیکس و ریونیو کی وصولی میں کی گئی کوششوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
ڈیجیٹل حل ناگزیر ہیں: چیف سیکرٹری
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت سروس فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل حل ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں محکمے فوری طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اپنائیں، ڈیٹا بیس کو مربوط کریں اور شفافیت کے لیے آن لائن مانیٹرنگ میکانزم متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کے مؤثر استعمال اور خدمات کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنی کارروائیوں میں شامل کرنا ہوگا۔
اجلاس میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مالی خودمختاری اور آمدنی بڑھانے کے طریقوں پر خصوصی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موجودہ ریونیو ذرائع کا دوبارہ جائزہ لے، پراپرٹی ٹیکس، یوٹیلیٹی فیسز اور مارکیٹنگ و پارکنگ کے نظام کو بہتر بنائے، اور عوامی مراعات کے ساتھ کم از کم ٹیکس چوری اور بھاری واجبات کی وصولی یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مضبوط مالی حیثیت مقامی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس لیے آمدنی بڑھانے کے عملی اور شفاف طریقے وضع کیے جائیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











