ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ادویات، صفائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ

صحبت پور: ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات، وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر طبی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے طبی خدمات، ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
انہوں نے وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج کی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں و طبی عملے کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں، شکایات توجہ سے سنیں اور ان کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو تمام ضروری ادویات اور طبی سامان وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری ہسپتال آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کرنا محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں کسی غفلت یا کوتاہی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ڈاکٹروں کو بروقت ڈیوٹی کی ہدایت
فریدہ ترین نے عملے کی حاضری کا جائزہ لیتے ہوئے افسران اور ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر بروقت موجود رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض سرکاری ہسپتالوں سے بڑی امیدیں رکھتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ حسنِ سلوک، بروقت معائنہ اور مناسب علاج یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے وارڈز، ایمرجنسی، واش رومز، صحن اور دیگر حصوں میں صفائی کا معیار مزید بہتر بنانے، اور طبی آلات کی فعالیت، بجلی، پانی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور صحت عامہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین پر زور دیا کہ وہ فرائض محنت، لگن اور ایمانداری سے انجام دیں، اور کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











