یونیورسٹی آف گوادر میں BEEF اسکالرشپ کی تقریب، میرٹ پر منتخب 120 طلبہ میں چیکس تقسیم

گوادر: صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی، میرٹ کے فروغ اور باصلاحیت و مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دینے کے عزم کے تحت یونیورسٹی آف گوادر میں بلوچستان ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے زیر اہتمام اسکالرشپ چیکس کی تقسیم کی تقریب ہوئی، جس میں میرٹ پر منتخب 120 مستحق اور باصلاحیت طلبہ میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے گئے۔
رجسٹرار یونیورسٹی آف گوادر ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈائریکٹر فنانشل ایڈ عبید علی اور ڈپٹی رجسٹرار ماجد قادر نے تقریب میں شرکت کی اور مشترکہ طور پر طلبہ میں BEEF اسکالرشپس کے چیکس تقسیم کیے۔
یونیورسٹی حکام نے کہا کہ یہ مالی معاونت طلبہ کے تعلیمی اخراجات میں مددگار ہوگی اور وہ مالی مشکلات کے بغیر اعلیٰ تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ، میرٹ کی حوصلہ افزائی اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کی اہم ترجیحات ہیں۔
ڈاکٹر دولت خان نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر کی جانب سے BEEF کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد حسین ماندائی، ڈاکٹر میر وائس اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں پر سرمایہ کاری دراصل صوبے کے روشن، بااختیار اور خوشحال مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











