ہرنائی: ڈسٹرکٹ کمپنسیشن کمیٹی نے مرحوم عمران خان کا ڈیتھ کمپنسیشن کیس منظوری کے لیے سفارش کر دیا

ہرنائی: ڈپٹی کمشنر آفس ہرنائی میں عوامی فلاح و بہبود اور داد رسی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کمپنسیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کے مالی معاوضہ جات سے متعلق زیرِ التوا کیسز کا باریک بینی سے جائزہ لینا اور قانونی کارروائی کی پیش رفت یقینی بنانا تھا۔
اجلاس میں تحصیل شاہرگ کے علاقے خوست کے رہائشی مرحوم عمران خان ولد خدائے داد کے ڈیتھ کمپنسیشن (وفات کے مالی معاوضے) کے کیس کو تفصیلی اور قانونی نقطۂ نظر سے زیرِ غور لایا گیا۔ مختلف محکموں کے نمائندوں نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات، رپورٹوں اور شواہد کی جانچ پڑتال کی۔
تمام پہلوؤں کی مکمل تسلی اور طے شدہ ضوابط پر پورا اترنے کے بعد کمیٹی نے یک زبان ہو کر متفقہ فیصلہ سنایا اور مرحوم عمران خان کے کیس کو مکمل طور پر شفاف قرار دیتے ہوئے ان کا نام باضابطہ طور پر ڈیتھ کمپنسیشن کی منظوری کے لیے بالا حکام کو سفارش کر دیا۔
اس موقع پر انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی بروقت داد رسی اور قانونی حقوق کی فراہمی میں تمام تر شفافیت برقرار رکھی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











