ہرنائی: سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی کا مین بازار کا پیدل دورہ، تاجروں سے ملاقاتیں

ہرنائی: ضلع ہرنائی میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مقامی دکانداروں، تاجر برادری اور شہریوں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں، علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی اقدامات سے متعلق عوامی خدشات سنے۔
ڈپٹی کمشنر نے بازار کے مختلف حصوں کا پیدل دورہ کیا اور ریڑھی بانوں، دکانداروں اور خریداروں سے گھل مل گئے۔ انہوں نے تاجر برادری کو درپیش مسائل اور تحفظ سے متعلق خدشات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے ہر لمحہ بیدار ہیں اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے تاجروں کو بتایا کہ بازاروں اور تجارتی مراکز کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ روزمرہ کاروبار بغیر کسی خوف و خطر کے جاری رہ سکے۔
انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون برقرار رکھیں۔ تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر کی بازار آمد اور براہِ راست رابطے کو سراہا اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











