گورنر جعفر خان مندوخیل کا ساؤتھ ایئر پاکستان کے وفد سے کوئٹہ تا ژوب پروازیں شروع کرنے پر زور

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بلوچستان کے دور افتادہ اضلاع کے عوام کو فضائی سفر کی سہولیات اور خدمات فراہم کرنے پر ساؤتھ ایئر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے لیے قابل اعتماد فضائی رابطے بہت ضروری ہیں۔
گورنر مندوخیل نے کوئٹہ تا ژوب روٹ پر ساؤتھ ایئر کی پروازیں شروع کرنے اور کوئٹہ تا سکھر، کوئٹہ تا ملتان، ژوب تا ملتان اور اسلام آباد تک فضائی رابطے بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کوئٹہ تا تربت اور گوادر پروازوں میں اضافے کا بھی کہا اور کہا کہ زمینی سفر میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر ہوائی سفر کی سہولیات و مواقع فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچے گا۔
گورنر نے ان خیالات کا اظہار ساؤتھ ایئر لائن پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ اعجاز ملک کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیف کمرشل آفیسر سراج انور قاضی اور ریجنل ہیڈ عبدالستار اچکزئی بھی وفد میں شامل تھے۔
وفد نے گورنر کو فلائٹ آپریشنز، حفاظتی معیارات، مسافروں کی خدمات اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے محفوظ، آرام دہ اور سستے ہوائی سفر کے عزم کو اجاگر کیا۔ گورنر نے ساؤتھ ایئر لائن کے حکام پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے مزید اضلاع کو ملانے کے لیے فعال کردار ادا کریں کیونکہ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی و خوشحالی کے لیے فضائی رابطوں کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
ساؤتھ ایئر پاکستان کے وفد نے گورنر کے تعاون اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ایئر لائن اپنی خدمات کو دیگر بڑے شہروں تک عنقریب وسعت دینے کے لیے کام جاری رکھے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











