گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، آن لائن حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے پاکستان پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع گوادر کے وفد سے ملاقات کی، جس میں ملازمین کی حاضری، تنخواہوں میں کٹوتیوں، محکمانہ کارروائیوں اور صحت کے شعبے میں خدمات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ محکمہ صحت گوادر کو ہدایت کی جائے گی کہ محکمانہ نظم و ضبط کی کارروائیوں میں قواعد و ضوابط، سرکاری پالیسی اور مقررہ طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ تمام ملازمین کے ساتھ قانون کے مطابق منصفانہ رویہ اختیار کیا جا سکے۔
غیر حاضری برداشت نہیں
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری اور بروقت سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا سرکاری اداروں میں غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ملازمین کو صوبائی محکمہ صحت کے آن لائن حاضری نظام کے ذریعے باقاعدگی سے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ غفلت یا عدم تعمیل کی صورت میں ضلعی محکمہ صحت قواعد کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مجاز ہوگا۔
پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ تمام ملازمین آن لائن حاضری کے نظام پر مکمل عملدرآمد کریں گے اور عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں انجام دیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور وفد کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مسائل کے خوش اسلوبی سے حل کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے ان کے دفتر میں ملاقات کرے، جبکہ پیش رفت سے ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ رکھا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ سرکاری ملازمین کے جائز مسائل قانون کے مطابق حل کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت کی معیاری، بروقت اور بلا تعطل سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











