گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور بلوچ کی زیرِ صدارت سرکاری ملازمین کی درستگیِ عمر کے کیسز کا جائزہ

گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور بلوچ کی زیرِ صدارت مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کی درستگیِ عمر سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر سوبان بلوچ سمیت متعلقہ محکموں کے ڈسٹرکٹ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOs) نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، پولیس، محکمہ زراعت، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ مواصلات و تعمیرات (B&R) اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے ملازمین کی تعلیمی اسناد، سروس ریکارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کی روشنی میں عمر سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سرکاری ریکارڈ میں درج تاریخِ پیدائش اور تعلیمی اسناد کے کوائف کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے معاملات کی جانچ پڑتال کی گئی، اور افسران کو ہدایت کی گئی کہ تمام کیسز کی مکمل دستاویزی جانچ قواعد و ضوابط اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں کی جائے تاکہ ریکارڈ میں شفافیت، درستگی اور یکسانیت یقینی بنائی جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ہدایت کی کہ تمام کیسز مقررہ قواعد کے تحت میرٹ اور شفافیت کے ساتھ نمٹائے جائیں اور ضروری دستاویزات کی مکمل تصدیق کے بعد ہی حتمی کارروائی کی جائے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











