گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک پانی کی فراہمی: نورپور ڈسٹری کے بالائی واٹر کورسز 48 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ

استامحمد: ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال کی سربراہی میں زمینداروں کو پانی کی منصفانہ فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایکسین ایریگیشن غلام محمد بادینی، ڈی ایس پی داؤد کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ اجلاس فیض آباد پل کے قریب واقع گنداخہ ریگولیٹر کے مقام پر نورپور ڈسٹری کے زمینداروں کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ تفصیلی مشاورت کے بعد باہمی اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک ہر صورت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ آخری سرے پر آباد عوام کو بھی پانی کی مسلسل اور منصفانہ دستیابی ممکن ہو سکے۔
3 اگست سے واٹر کورسز 48 گھنٹے بند
اس مقصد کے لیے طے پایا کہ 3 اگست 2026ء بروز پیر صبح 6:00 بجے سے نورپور ڈسٹری کے بالائی حصے میں واقع تمام واٹر کورسز 48 گھنٹوں کے لیے بند رکھے جائیں گے تاکہ پانی بغیر کسی رکاوٹ کے گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک پہنچ سکے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ اندرون و بیرون واٹر کورسز نصب تمام غیر قانونی اور ناجائز پمپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ پانی کی چوری کا مکمل سدباب کیا جا سکے اور منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔
مزید فیصلہ کیا گیا کہ اس دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ ایریگیشن پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں مسلسل نگرانی کریں گی تاکہ فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہو سکے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کہا کہ گنداخہ مائنر کے ٹیل اینڈ تک پانی پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیل کے علاقوں تک پانی کی فراہمی کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔
اسی تسلسل میں زمینداروں کے ساتھ آئندہ اجلاس باغ ہیڈ کے مقام پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں قبو ڈسٹری، ڈھوری اور دیگر ٹیل ایریاز تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے باہمی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم ہر آخری سرے تک ممکن ہو سکے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











