کوئٹہ: گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ پر واسا کی کارروائی، غیر قانونی واٹر کنکشنز منقطع، پانچ کارخانے سیل

کوئٹہ: اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ نے گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ کے علاقے میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کارخانوں کے غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیے، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب پانچ کارخانوں کو سیل کر کے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف واسا کی جاری مہم کے سلسلے میں اسپیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ پر مختلف کارخانوں اور صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد مقامات پر غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے کنکشنز کی نشاندہی ہوئی، جنہیں فوری طور پر منقطع کر دیا گیا۔
اس موقع پر ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ کارخانے سیل کیے گئے اور متعلقہ مالکان اور انتظامیہ کو قانونی نوٹسز جاری کیے گئے۔ واسا حکام نے واضح کیا کہ پانی کا غیر قانونی استعمال اور غیر مجاز کنکشنز کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔
حبیب الرحمن کاکڑ نے کہا کہ تمام صنعتی و تجارتی ادارے واسا کے قوانین اور ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے قانونی طریقۂ کار کے تحت پانی کے کنکشن حاصل کریں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے پانی کے حصول یا استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ پانی کی منصفانہ اور قانونی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











