کوئٹہ میں نرخوں کی خلاف ورزی پر تندوروں اور گوشت فروشوں کے خلاف کارروائی، 28 افراد گرفتار

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے تندوروں اور گوشت فروشوں کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران 28 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ 6 دکانیں سیل کر دی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے سریاب روڈ، نواں کلی، ایئرپورٹ روڈ، عالموں چوک، کاسی روڈ، سرکی روڈ اور دیگر علاقوں میں تندوروں اور گوشت کی دکانوں کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی۔
یہ کارروائیاں اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد، اسپیشل مجسٹریٹ سٹی اعجاز حسین کھوسہ اور اسپیشل مجسٹریٹ سریاب عزت اللہ کی نگرانی میں کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں کوتاہی یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











