کوئٹہ: زرغون زون میں تجاوزات کے خلاف کارروائی، میزان چوک اور لیاقت بازار سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی خصوصی ہدایات اور کوئٹہ کو صاف، منظم، خوبصورت اور شہریوں کے لیے آسان نقل و حرکت والا شہر بنانے کے وژن کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی انسدادِ تجاوزات کارروائیاں جاری ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد بڑیچ کے قائم کردہ مانیٹرنگ نظام کے تحت زرغون زون انچارج نہال دین بگٹی کی سربراہی میں ٹیم نے شاہراہِ اقبال سے میزان چوک، پرنس روڈ، لیاقت بازار، فاطمہ جناح روڈ، مسجد روڈ سمیت مرکزی بازاروں، تجارتی مراکز اور گلیوں میں کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات اور رکاوٹ بننے والا سامان ہٹا دیا گیا، جس سے پیدل آمدورفت اور ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی۔ ہوٹل مالکان، دکانداروں اور کاروباری افراد کو وارننگ دی گئی کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے پر قانون کے تحت بلاامتیاز اور سخت کارروائی ہوگی۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد کسی فرد یا کاروباری طبقے کو مشکل میں ڈالنا نہیں بلکہ ٹریفک کی روانی اور شہری نظم و ضبط بہتر بنانا اور کوئٹہ کو صاف، خوبصورت اور منظم شہری مرکز بنانا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











