کوئٹہ: بی ایس ایل آئی پی کے تحت طلبہ میں اسکول بیگز اور تعلیمی سامان تقسیم، اسکولوں میں ہیلتھ اسکریننگ جاری

کوئٹہ: صوبائی سیکرٹری اسکولز لعل جان جعفر کی زیرِ نگرانی ٹیکنیکل ماڈل ہائی اسکول کوئٹہ میں بلوچستان اسٹوڈنٹ لرننگ امپروومنٹ پروگرام (BSLIP) کے تحت طلبہ میں مختلف نوعیت کا تعلیمی سامان تقسیم کیا گیا، تاکہ ان کی تعلیمی ضروریات پوری کی جا سکیں، سیکھنے کا عمل مؤثر بنایا جائے اور تعلیمی معیار بہتر ہو۔
یہ اقدام وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق کیا گیا۔ پروگرام کے تحت ضلع کوئٹہ کے لیے اسکول بیگز، ایم ایچ ایم کٹس، کلر پنسل سیٹس، اسٹوری بکس، ڈی آر آر کٹس اور فلیش کارڈ سیٹس تقسیم کیے گئے۔
سیکرٹری اسکولز نے کہا کہ صوبائی حکومت معیاری تعلیم کے فروغ، طلبہ کو ضروری تعلیمی وسائل کی فراہمی اور اسکولوں میں سازگار تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات اور ضروری سامان کی فراہمی اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی سامان کی شفاف، منصفانہ اور بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے اور طلبہ کے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سرکاری اسکولوں میں ہیلتھ اسکریننگ
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر کی زیرِ نگرانی بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کی صحت کے تحفظ، طبی مسائل کی بروقت نشاندہی اور صحت مند تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے Health Screening Initiative in Balochistan کے تحت ہیلتھ اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔
لعل جان جعفر نے کہا کہ بچوں کی صحت اور تعلیم باہم منسلک ہیں اور صحت مند بچے ہی بہتر انداز میں تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اسکولوں میں ہیلتھ اسکریننگ سے بچوں کے صحت کے مسائل کی بروقت نشاندہی اور مناسب طبی رہنمائی میں مدد ملے گی، اور حکومت بلوچستان بچوں کو صحت مند، محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول دینے کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مربوط اقدامات جاری رکھے گی۔
یہ اقدام یونیسف اور حکومتِ ناروے کے تعاون سے بچوں کو صحت مند آغاز اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسکولز بلوچستان کے تحت ہیلتھ اسکریننگ سرگرمیاں مؤثر انداز میں آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











