کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض نے سرکٹ ہاؤس سبی میں پرچم کشائی کی، مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے

سبی: یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سرکٹ ہاؤس سبی (سیوی) میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض نے پرچم کشائی کی۔
تقریب میں ڈی آئی جی سبی رینج پرویز خان عمرانی، کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان، ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی، ایس ایس پی سبی عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، قبائلی رہنما میر حیر بیار خان ڈومکی اور میر روحیل خان ڈومکی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک سمیت ضلعی افسران، اقلیتی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پرچم کشائی کے موقع پر قومی پرچم کو سلامی دی گئی، سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ قومی یکجہتی اور آزادی کی خوشی کے اظہار کے طور پر کبوتر اور رنگ برنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔
مون سون شجرکاری مہم کے تحت کمشنر اسد اللہ فیض، ڈی آئی جی پرویز خان عمرانی، کرنل منیر احمد سلطان، میر حیر بیار خان ڈومکی، میر روحیل خان ڈومکی اور سردار محمد خان خجک نے پودے بھی لگائے۔ شرکاء نے وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں کیں اور پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنے کا عزم کیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











