کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت بی ایس ڈی آئی اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

خضدار: کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) اور پی ایس ڈی پی کمیٹی 2026-27 کے فیز ٹو اور فیز تھری کے ترقیاتی منصوبوں اور صحت، تعلیم سمیت مختلف محکموں کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالقیوم عمرانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیاز اللہ سمالانی، ایکسیئن پی ایچ ای عبدالروف قمبرانی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر شبیر احمد مینگل، ایکسیئن بی اینڈ آر قاضی عتیق الرحمن، ایکسیئن سجاد احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر عبدالقیوم زہری، وومن ڈیولپمنٹ سینٹر کی انچارج روبینہ کریم، ایس ڈی او بلڈنگ نیاز احمد زہری اور ضلع کے متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ افسران نے BSDI فیز ٹو اور فیز تھری کے منصوبوں کے علاوہ صحت، تعلیم، پی ایچ ای، ایریگیشن، سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ، لائیو اسٹاک، ایگریکلچر اور دیگر محکموں کے منصوبوں کی پیش رفت اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر زور دیا گیا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اور معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔
کمشنر قادر بخش پرکانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح کے لیے اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں درپیش رکاوٹیں فوری دور کی جائیں، محکموں کے درمیان رابطہ مؤثر بنایا جائے اور منصوبے شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ایسے منصوبوں کی نشاندہی کی جائے جن کی تکمیل سے عوام کو فوری اور زیادہ ریلیف مل سکے۔
اجلاس کے اختتام پر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنانے اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











