ڈی سی کیچ یاسر اقبال دشتی سے ڈی ایچ او تمپ کی قیادت میں وفد کی ملاقات، کیچ اور تمپ کی پولیو مہم کے حدود طے

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب کی قیادت میں محکمہ صحت کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈاکٹر ارسلان درازئی سمیت محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے دیگر افسران شامل تھے۔
ملاقات میں ڈسٹرکٹ کیچ اور ڈسٹرکٹ تمپ میں انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات اور دونوں اضلاع کی مہم کے حدود و دائرہ کار کے تعین پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ محکمہ صحت کی کارکردگی، بنیادی مراکزِ صحت کی فعالیت اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا، جبکہ وفد نے جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، اور انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
ملاقات میں کیچ اور تمپ کی پولیو مہم کے حدود کے تعین اور باہمی رابطہ کاری کے ذریعے مہم کو مؤثر اور منظم انداز میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











