ڈپٹی کمشنر چمن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی اجلاس، ڈاکٹرز کی غیر حاضری پر کوئی نرمی نہ برتنے کا اعلان

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے تمام ہسپتالوں، بی ایچ یوز، ڈسپنسریز، ایم سی ایچ سی سینٹرز اور نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن میں طبی سہولیات اور صحت عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ایم ایس نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن اور محکمہ صحت کے افسران نے ہیلتھ یونٹس میں دستیاب سہولیات، عملے کی حاضری، طبی خدمات اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں اور ہیلتھ یونٹس میں ڈاکٹرز سمیت تمام عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور واضح کیا کہ غیر حاضری اور فرائض میں غفلت پر کوئی مصلحت یا نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت انتہائی حساس ہے جہاں معمولی غفلت بھی مریض کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت، صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











