ڈپٹی کمشنر زیارت کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس، تمام بنیادی مراکزِ صحت فعال رکھنے کی ہدایت

زیارت: ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں صحتِ عامہ کی صورتحال، بنیادی مراکزِ صحت (BHU) کی فعالیت، طبی سہولیات کی فراہمی اور محکمہ صحت سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد رفیق مستوئی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر عبدالغنی کاکڑ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر مقیت خان کاکڑ، ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی ممتاز رند، ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال شمس اللہ، ایم ایس ٹی ایچ کیو سنجاوی ڈاکٹر نورالباقی، فرمان اللہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بنیادی مراکزِ صحت کی فعالیت، طبی عملے کی حاضری، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی دستیابی، مریضوں کو سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی و تقسیم اور صحت مراکز کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام بنیادی مراکزِ صحت کو فعال رکھا جائے اور عوام کو بروقت و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور دیگر عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مناسب تقسیم کے ساتھ صحت مراکز میں صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں صحت مراکز کی مؤثر نگرانی، عملے کی حاضری اور ادویات کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اور افسران کو ان پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











