چیف سیکرٹری کی ڈپٹی کمشنرز کانفرنس: خواتین کے لیے الگ کھلی کچہریاں، اسکولوں کی سہولیات پوری کرنے کی ہدایت

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی، عوامی شکایات کے ازالے، پرائس کنٹرول، زرعی انکم ٹیکس، صفائی مہم، تعلیمی سہولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
2,935 منصوبوں کی نگرانی، 1,667 مکمل
محکمہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں مجموعی طور پر 2,935 ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور جائزہ لیا گیا ہے، جن میں سے 1,667 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کانفرنس کو بتایا گیا کہ بی ایس ڈی آئی (BSDI) پروگرام کے تحت صوبے میں 4,052 منصوبے شامل ہیں، جن کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور ان کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
خواتین کی کھلی کچہریاں اور اسکولوں کی سہولیات
چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خواتین کے مسائل کے فوری حل اور انہیں باعزت انداز میں اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے خواتین کے لیے الگ کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے، اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی سطح پر مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں میں موجود مسنگ فیسیلیٹیز ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں۔ طلبہ و طالبات کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے، اس لیے اسکولوں میں پانی، واش رومز، بجلی، چار دیواری اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
کانفرنس میں لوکل گورنمنٹس کی کارکردگی اور صفائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ صوبے کی 38 لوکل کونسلز میں صفائی مہم شروع کی جا چکی ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ صفائی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے، شہری علاقوں میں صفائی کا تسلسل برقرار رکھا جائے اور ضلعی انتظامیہ اور لوکل کونسلز باہمی تعاون سے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں۔
اجلاس میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے کومک (KUMAK) پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ معذور افراد کو سرکاری سہولیات، خدمات اور معاشرتی تحفظ تک مؤثر رسائی فراہم کی جائے اور پروگرام کے ثمرات مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کیے جائیں تاکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی روکی جا سکے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز حکومت اور عوام کے درمیان بنیادی رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے انہیں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، صفائی کے نظام، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی اور حکومتی اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











