چیف سیکرٹری کو چار محکموں کی دو سالہ کارکردگی رپورٹس پیش، کیو ڈی اے کو اربن فاریسٹ منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ اطلاعات، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ ماحولیات کے سیکرٹریز نے اپنے محکموں کی دو سالہ کارکردگی رپورٹس اور مستقبل کا لائحہ عمل پیش کیا۔ اجلاس میں گزشتہ دو سال کی کارکردگی، مالیاتی معاملات، عوامی خدمات اور آئندہ منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔
محکمہ اطلاعات نے عوامی آگاہی اور میڈیا روابط سے متعلق اقدامات کی تفصیل پیش کی، جس پر چیف سیکرٹری نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تشہیر اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کوئٹہ اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز نے آمدنی میں اضافے، محصولات اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے آمدنی بڑھانے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی، مزید شفاف اور مستقل ذرائع آمدن فروغ دینے پر زور دیا اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو شہر میں «اربن فاریسٹ» پروجیکٹ اور بزنس سنٹر منصوبے پر بروقت کام شروع کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔
محکمہ ماحولیات نے گزشتہ دو سال میں ماحولیاتی مانیٹرنگ، آلودگی کنٹرول اور تحفظ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کو صوبائی ترقیاتی ایجنڈے کا لازمی جز قرار دیتے ہوئے صنعتی و شہری منصوبوں میں ماحولیاتی اثرات کے اندازے (EIA) پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح عوامی مفاد، شفافیت اور خدمات کی بروقت فراہمی ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











