چمن: ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کا ای پی آئی ریفریشر ٹریننگ کا دورہ، ویکسینیٹرز کو ہدایات

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے ضلع چمن میں جاری ای پی آئی (Expanded Programme on Immunization) کی ریفریشر ٹریننگ کا دورہ کیا اور تربیتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے زیرِ تربیت ویکسینیٹرز سے ملاقات کی اور تربیت کے مختلف پہلوؤں، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور فیلڈ میں درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ ماسٹر ٹرینر نے ریفریشر ٹریننگ کے اغراض و مقاصد، نصاب، تدریسی طریقۂ کار اور حفاظتی ٹیکہ جات کا معیار بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ کاری بچوں کو مہلک اور قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا موثر ذریعہ ہے، لہٰذا تمام ویکسینیٹرز اپنی ذمہ داریاں دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری سے انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری کا نظام مزید موثر، فعال اور عوام دوست بنایا جائے، مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں اور دور دراز علاقوں تک معیاری ویکسینیشن خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان بچوں کی صحت کے تحفظ اور حفاظتی ٹیکہ کاری کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور موثر رابطے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











