نصیرآباد: عشر، آبیانہ اور زرعی انکم ٹیکس کی وصولی تیز کرنے کی ہدایت، ڈی سی وریندر لعل کا اجلاس

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت عشر، آبیانہ اور زرعی انکم ٹیکس سمیت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ ریونیو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
افسران نے ضلع بھر میں واجبات کی وصولی کی موجودہ صورتحال، مقررہ اہداف، اب تک کی پیش رفت اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں مختلف علاقوں میں وصولی میں رکاوٹوں، بقایاجات کی تفصیلات اور وصولی کو مؤثر بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عشر، آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس اور تمام سرکاری واجبات کی بروقت اور اہداف کے مطابق وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ریونیو افسران کو وصولی کا عمل تیز کرنے اور بقایاجات کے لیے مؤثر حکمتِ عملی بنا کر عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری محصولات کی وصولی ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، وصولی کی باقاعدہ نگرانی کی جائے، ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھا جائے اور اہداف کے حصول میں غفلت یا سستی نہ برتی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ واجبات کی وصولی سے حکومتی محصولات بڑھیں گے اور عوامی فلاح اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے وسائل بہتر طور پر بروئے کار لائے جا سکیں گے۔ انہوں نے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور مسائل سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











