مکران ڈویژن کی میٹرک اور انٹرمیڈیٹ اسناد کی تصدیق اب تربت میں ہو سکے گی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ محمد اسحاق کی خصوصی دلچسپی اور موثر اقدامات کے نتیجے میں ڈپٹی کنٹرولر تربت برانچ کے ذریعے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی تصدیق کا عمل مقامی سطح پر ممکن بنایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سینئر افسر حاجی محمد شفیع بلوچ کو ڈپٹی کنٹرولر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 2015ء سے جاری میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی ویریفیکیشن کی ذمہ داری تربت برانچ کے سپرد کی گئی ہے۔
اس اقدام سے مکران ڈویژن کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد کو نمایاں سہولت میسر آئے گی، اور انہیں اسناد کی تصدیق کے لیے کوئٹہ جانے کی زحمت اور اضافی سفری اخراجات سے بڑی حد تک نجات مل سکے گی۔
عوامی و تعلیمی حلقوں کی جانب سے حکومت بلوچستان اور چیئرمین بورڈ محمد اسحاق کی خصوصی توجہ اور حاجی محمد شفیع بلوچ کی بطور ڈپٹی کنٹرولر تعیناتی کو سراہا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کو مکران کے تعلیمی شعبے میں عوامی سہولت کی فراہمی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اہلِ مکران نے امید ظاہر کی ہے کہ بورڈ حکام آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت مزید ایسے اقدامات کریں گے جن سے طلبہ و طالبات کو اپنے تعلیمی معاملات مقامی سطح پر نمٹانے میں آسانی ہو اور تعلیمی خدمات تک رسائی مزید بہتر بنائی جا سکے۔ بلاشبہ، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مشکلات میں کمی کے لیے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔











