لورالائی میں یومِ استحصالِ کشمیر پر پرچم کشائی اور ریلی، ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع کا خطاب

لورالائی: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی قیادت میں قومی پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد، اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی نواز سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے شرکت کی۔
پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، جبکہ شرکاء نے ملکی سلامتی، استحکام اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے دعائیں کیں۔
بعد ازاں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جو ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری۔ شرکاء نے قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی حمایت، حقِ خودارادیت کے حق میں اور بھارتی اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے، اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کا خطاب
ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے یکطرفہ اقدامات کیے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جدوجہد کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، بنیادی آزادیوں پر پابندیوں اور کشمیری عوام کے مسائل کی جانب مبذول کرانا ہے۔ دیگر مقررین نے بھی کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











