لورالائی میں ضلعی تعلیمی گروپ کا اجلاس؛ اساتذہ کی غیر حاضری پر قواعد کے مطابق کارروائی کی ہدایت

لورالائی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لورالائی علی نواز جمالی کی زیرِ صدارت ضلعی تعلیمی گروپ کا اجلاس ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بختیار خان کاکڑ سمیت محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ، عملے اور طلبہ کی حاضری، سکولوں کی فعالیت، بنیادی سہولیات، تدریسی سرگرمیوں اور معیارِ تعلیم کا جائزہ لیا گیا۔
علی نواز جمالی نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور عملے کی باقاعدہ حاضری یقینی بنائی جائے اور غیر حاضری کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے، کیونکہ اساتذہ کی بروقت موجودگی تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے غیر فعال یا کم فعال سکولوں کی نشاندہی کر کے ان کی فعالیت بہتر بنانے اور سکولوں میں پینے کے صاف پانی، واش رومز، بجلی، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ طلبہ کی حاضری بہتر بنانے کے لیے والدین، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو صرف حاضری تک محدود رکھنے کے بجائے طلبہ کے نتائج، تدریسی معیار اور سیکھنے کے عمل کی بھی مسلسل نگرانی کی جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران کو تعلیمی اداروں کے باقاعدہ دورے کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ تعلیمی شعبے میں غفلت اور فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











